بھٹکل 2 مارچ (ایس او نیوز) تعلقہ کے ہیبلے پنچایت حدود کے بیلے گیدے فرسٹ کراس کے قریب ایک آٹو رکشہ اور اسکوٹی کے درمیان ہوئی آمنے سامنے کی ٹکر میں اسکوٹی کی پچھلی سیٹ پر سوار ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جس کی شناخت بھٹکل مُنڈلی کے رہنے والے گنیش جٹّا نائک (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ٹکر میں اسکوٹی چلانے والا تینگنگونڈی کا رہائشی دنیش شنیار نائک (25) بھی شدید زخمی ہوا ہے اور اسے منی پال لے جایا گیا ہے۔ حادثہ منگل شب قریب 8:30 بجے پیش آیا۔ البتہ گنیش آج بدھ صبح زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
پولس نے بتایا کہ اسکوٹی تینگنگونڈی سے بھٹکل کی طرف آرہی تھی جبکہ آٹو رکشہ بھٹکل سے تینگن گنڈی کی طرف جارہا تھا جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں دونوں نوجوان شدید زخمی ہوئے تھے اور دونوں کو منی پال روانہ کیا گیا تھا، مگر آج بدھ صبح گنیش چل بسا۔ پولس نے بتایا کہ گنیش کے سر کو اتنی شدید چوٹ لگی تھی کہ اس کا بھیجا باہر آگیا تھا۔
پتہ چلا ہے کہ مہلوک گنیش اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، اس کی موت پر گھر سمیت پورے منڈلی علاقہ میں ماتم چھاگیا ہے۔
بتاتے چلیں کہ بائک یا ٹووھیلر سے ہونے والے حادثوں میں زیادہ ترچوٹ سر کو ہی لگتی ہے اور سر کو چوٹ لگنے کی صورت میں بھٹکل میں کوئی علاج نہیں ہے، اس کے لئے مریض کو فوری طور پر کنداپور، منی پال یا پھر مینگلور لےجانا ضروری ہوجاتا ہے۔ ایسے میں اپنے سروں کو محفوظ رکھنے کے لئے عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ ہمیشہ ہیلمیٹ کا استعمال کریں۔ اچھی کوالٹی کی ہیلمیٹ سے کچھ نہیں تو کم از کم اپنے سر کی حفاظت بخوبی کی جاسکتی ہے۔
حادثے کے تعلق سے بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور آٹو رکشہ ڈرائیور گنپتی نائک کو پولس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ چھان بین جاری ہے۔